اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کرپشن کے خطرات سے متعلق قومی جائزہ رپورٹ جاری کردی، جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو سب سے زیادہ خطرات کا سامنا کرنے والے اداروں میں پہلے نمبر پر قرار دیا گیا ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) دوسرے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) تیسرے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوئی بھی ادارہ ویری ہائی یا ایکسٹریملی ہائی رسک کیٹیگری میں شامل نہیں ہوا، تاہم صرف بجلی تقسیم کار کمپنیاں ہائی رسک بینڈ میں آئیں۔ ڈسکوز نے 61.1 اسکور حاصل کرکے سب سے زیادہ رسک والے اداروں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
قومی جائزہ رپورٹ میں مجموعی طور پر 56 ادارہ جاتی ٹائپالوجیز، 10 کراس کٹنگ گورننس ٹائپالوجیز اور 18 ریگولیٹری ٹائپالوجیز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان ٹائپالوجیز کے ذریعے مختلف سرکاری اداروں میں کرپشن کے ممکنہ خطرات اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ میں ایف بی آر 54.4 اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جبکہ سی ڈی اے نے 49.5 اسکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاسکو 47.1 اسکور کے ساتھ چوتھے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) 43.4 اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔
اسی طرح پاکستان ریلوے 41.1 اسکور کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے 40.1 اسکور کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان پوسٹ 39.9 اسکور کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) بالترتیب نویں اور دسویں نمبر پر رہے۔ دونوں اداروں نے 39.3 اسکور حاصل کیا۔