جوہری تحفظ کا اجلاس

پاکستان آج جوہری تحفظ سے متعلق عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا

پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری تحفظ کے تربیتی اور معاون مراکز کے عالمی نیٹ ورک (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ دفتر خارجہ نے پیر کو اس حوالے سے اعلان کیا۔

چار روزہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میں ایجنسی کے نمائندوں سمیت نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔

اجلاس میں جوہری تحفظ کی تربیت بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے اور تجربات کے تبادلے پر غور کیا جائے گا۔ شرکا اس شعبے میں بہترین طریقہ کار بھی ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں گے۔

این ایس ایس سی نیٹ ورک مختلف ممالک کو جوہری تحفظ کی تربیت اور معاون صلاحیتیں قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کے تحت علم کے تبادلے، رابطہ کاری اور استعداد کار بڑھانے پر توجہ دی جاتی ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں جوہری تحفظ کے اجلاس کی میزبانی پاکستان کے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری تحفظ کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان بین الاقوامی شراکت داری اور تربیتی اقدامات کے ذریعے بھی جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت اجاگر کرتا رہا ہے۔

پاکستان کے جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے حفاظتی نگرانی کے نظام کے تحت کام کرتے ہیں۔ اجلاس میں عالمی سطح پر جوہری تحفظ کو درپیش نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال اور عالمی نظام کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ بھی متوقع ہے۔

پاکستان اس سے قبل 2016 میں این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت اسلام آباد ویانا کے بعد اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا، جہاں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کا صدر دفتر واقع ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین