پاکستان کے معروف گلوکار محسن رضا خان المعروف بنی 74 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے انتقال کی خبر نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو افسردہ کردیا۔ گلوکار کی وفات کی تصدیق ان کے قریبی دوست شفاعت علی نے کی ہے۔
شفاعت علی کے مطابق محسن رضا خان آج صبح فجر سے قبل انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور موسیقی سے وابستہ افراد کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
شفاعت علی نے بتایا کہ تاحال گلوکار کی نماز جنازہ اور تدفین کے وقت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کا بیٹا چنگیز اس وقت لندن میں مقیم ہے، جس کے پاکستان پہنچنے یا اس کی اجازت ملنے کے بعد تدفین کے انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
اہل خانہ کی مشاورت سے نماز جنازہ اور تدفین کے حوالے سے مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔ فی الحال خاندان کی جانب سے کسی حتمی شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔
شفاعت علی کے مطابق محسن رضا خان کی خواہش تھی کہ انہیں گزری قبرستان میں ان کے والد کی قبر کے قریب سپرد خاک کیا جائے۔ ان کی اس خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے تدفین کے مقام کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ گلوکار محسن رضا خان تقریباً 30 سال قبل زبان کے کینسر میں مبتلا ہوئے تھے۔ اس بیماری کے باعث انہیں طویل عرصے تک صحت کے مسائل کا سامنا رہا۔