بلوچستان کے ضلع سوراب میں گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے اور بعد ازاں سکیورٹی آپریشن کے دوران 18 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست کی صبح دہشتگرد دھماکا خیز مواد سے لدی گاڑی تیار کر رہے تھے کہ وہ وقت سے پہلے پھٹ گئی۔ ابتدائی دھماکے میں 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دھماکے کے بعد وہاں موجود مزید دھماکا خیز مواد بھی پھٹ گیا۔ واقعے میں قریب موجود 3 شہریوں کے بھی جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کا مقصد فرار ہونے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کا سراغ لگانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں اور خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔ سکیورٹی ادارے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
بلوچستان سکیورٹی آپریشن ایسے وقت میں ہوا ہے جب صوبے میں دہشتگردی کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایک روز قبل پنجگور میں بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔