چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، مضبوط اور وقت کی ہر کسوٹی پر پوری اترنے والی شراکت داری ہے۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یومِ تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور پاک چین دفاعی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو 99ویں یومِ تاسیس کی مبارکباد پیش کی اور چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے پی ایل اے کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مستحکم رہی ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، جس نے اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں افواج کے درمیان تعاون اور پیشہ ورانہ روابط مستقبل میں بھی مزید فروغ پاتے رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ چین کی غیر متزلزل حمایت اور دوطرفہ تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں ممالک نے اس موقع پر امن، علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار بھی کیا۔