داتا گنج بخشؒ کے مزار کو غسل دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ حالیہ ایران اور امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کیا اور آج دنیا پاکستان کو ایک پیس میکر کے طور پر جانتی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگی صورتحال میں پاکستان سے کام لیا۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سفارتی کوششیں کی گئیں جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی امن کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے اور عالمی سطح پر ملک کو امن کے علمبردار کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں استحکام اور امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر حملے کی سب سے پہلے پاکستان نے مذمت کی تھی اور مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑا ہونے والا پاکستان واحد ملک تھا۔ ان کے مطابق پاکستان نے برادر اسلامی ملک کے خلاف کارروائی کی کھل کر مخالفت کی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دیگر اسلامی ممالک کی جانب سے اس حملے پر ایسی واضح مذمت سامنے نہیں آئی جیسی پاکستان نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے اصولی مؤقف کے تحت ہمیشہ مظلوم اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کی روایت برقرار رکھی ہے۔
معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ڈوبتی معیشت کو سہارا دے کر دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ ان کے بقول حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے دن رات کام جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک آج پاکستان کو جانتا ہے اور پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل بھی کی۔