جناح اسپتال کراچی جنریٹر ڈیزل

جناح اسپتال کراچی میں جنریٹرز کے ڈیزل پر 52 لاکھ روپے خرچ

کراچی: سندھ کے بڑے سرکاری طبی ادارے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی میں جنریٹرز کے ڈیزل پر بھاری اخراجات کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ حاصل ہونے کے باوجود صرف تین ماہ کے دوران 52 لاکھ روپے سے زائد ڈیزل استعمال کرنے کی مد میں خرچ کیے گئے۔

روزنامہ جنگ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران جنریٹرز کے لیے ڈیزل کی خریداری پر مجموعی طور پر 52 لاکھ 56 ہزار 248 روپے خرچ کیے۔ اس اخراجات نے اسپتال میں جنریٹرز کے استعمال، ڈیزل کی کھپت اور مالی نگرانی کے نظام سے متعلق سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

یہ معاملہ اس وقت مزید توجہ کا مرکز بن گیا جب اسپتال میں بجلی کے طویل تعطل کے دوران ہنگامی جنریٹرز بھی فعال نہ ہوسکے۔ اس دوران آئی سی یو میں زیر علاج دو مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جبکہ متعدد دیگر مریضوں کی حالت بھی خراب ہونے کی اطلاعات ملیں۔ تاہم اسپتال انتظامیہ نے اموات کو بجلی کی بندش سے منسلک کرنے کی تردید کردی۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں مریض پہلے ہی انتہائی تشویشناک حالت میں تھے اور ان کی اموات بنیادی طبی پیچیدگیوں کے باعث ہوئیں۔ انتظامیہ نے بجلی کی بندش کو اموات کی وجہ قرار دینے سے اختلاف کیا، تاہم ہنگامی بجلی کی فراہمی کا نظام فعال نہ ہونے کا معاملہ بدستور اہمیت اختیار کیے ہوئے ہے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے واضح کیا کہ جناح اسپتال کو لوڈشیڈنگ سے مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔ ترجمان کے مطابق بجلی کی فراہمی میں تعطل اسپتال کے اندرونی برقی نظام میں خرابی کے باعث پیش آیا، جس کا کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی کا عملہ اندرونی فالٹس دور کرنے کے لیے اسپتال انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔

اسپتال کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر یحییٰ تنیو نے جنریٹرز بند ہونے کی وجہ سافٹ ویئر میں تکنیکی خرابی کو قرار دیا۔ ان کے مطابق اسپتال میں فنی خرابیوں، بجلی کے فالٹس اور تکنیکی معائنے کے دوران جنریٹرز چلائے جاتے ہیں، جبکہ بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی صورت میں متبادل انتظام کے طور پر بھی ان کا استعمال کیا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین