پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پاکستان میں اپنی 52ویں سالگرہ اہل خانہ اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ہمراہ منائی۔ ان کی فیملی ان دنوں پاکستان میں موجود ہے، جس کی وجہ سے سالگرہ کا موقع ان کے لیے مزید یادگار بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق مائیک ہیسن نے اپنی سالگرہ کے موقع پر فیملی اور پاکستان ٹیم کے ہمراہ کیک کاٹا۔ اس موقع کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں، جن میں ہیڈ کوچ کو اپنے اہل خانہ اور ٹیم کے افراد کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔
مائیک ہیسن نے سالگرہ پر مبارک باد اور نیک خواہشات بھیجنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سالگرہ کے موقع پر فیملی کا پاکستان میں ان کے ساتھ موجود ہونا شاندار تجربہ رہا اور اس سے خوشی دوبالا ہوگئی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریننگ سیشن بہت اچھا رہا اور مجموعی طور پر یہ ایک بہترین دن تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج رات کامیابی حاصل کرے گی۔
مائیک ہیسن کی سالگرہ ایسے وقت میں آئی ہے جب قومی ٹیم ایک اہم کرکٹ مقابلے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے فائنل میں اچھی پرفارمنس کی توقع ظاہر کی۔
واضح رہے کہ تین ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتریں گی۔