لاس اینجلس: ہالی وڈ کے معروف امریکی فلم ڈائریکٹر مائیکل مان حادثاتی طور پر گولی چل جانے سے زخمی ہوگئے۔ 83 سالہ فلم ساز کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈاکٹرز نے ان کی انجری کو معمولی قرار دیتے ہوئے انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے 31 اکتوبر کو لاس اینجلس کے علاقے ویسٹ لاس اینجلس میں قائم ایک انڈور شوٹنگ رینج میں پیش آیا، جہاں مائیکل مان ٹارگٹ پریکٹس کررہے تھے۔ اسی دوران پستول واپس ہولسٹر میں رکھتے ہوئے اچانک گولی چل گئی، جس سے ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔
مائیکل مان کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسلحہ ہولسٹر میں رکھتے ہوئے حادثاتی طور پر فائر ہوگیا، جس کے نتیجے میں ڈائریکٹر کو معمولی نوعیت کا زخم آیا۔ طبی ماہرین کے مطابق چوٹ جلد کے نیچے موجود ٹشوز تک محدود تھی اور انہیں ضروری علاج فراہم کردیا گیا۔
دوسری جانب لاس اینجلس پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بھی واقعے کی تحقیقات کے بعد اسے حادثاتی فائرنگ قرار دیا۔ پولیس کے مطابق موقع پر پہنچنے والے اہلکاروں نے واقعے کا جائزہ لیا اور زخمی شخص کو مستحکم حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے واضح کیا کہ مائیکل مان کا خود کو نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
مائیکل مان کو امریکی کرائم اور تھرلر فلموں کے نمایاں ہدایت کاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کے کریڈٹ پر متعدد کامیاب فلمیں موجود ہیں، جن میں دی لاسٹ آف دی موہیکنز، ہیٹ، دی انسائیڈر، کولیٹرل، علی اور فیراری شامل ہیں۔ ان فلموں نے انہیں عالمی فلمی صنعت میں نمایاں شناخت دلائی۔
ان کی 1995 میں ریلیز ہونے والی کرائم تھرلر فلم ہیٹ کو خصوصی شہرت حاصل ہے، جس میں ال پچینو اور رابرٹ ڈی نیرو نے اہم کردار ادا کیے تھے۔ مائیکل مان کی بطور ہدایت کار آخری فلم فیراری 2023 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ایڈم ڈرائیور نے مرکزی کردار ادا کیا۔