لاہور: محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج منعقد ہوگا۔ اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور اطلاعات کا جائزہ لے کر نئے اسلامی سال کے آغاز سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس تاریخی بادشاہی مسجد لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے علاقوں میں منعقد ہوں گے۔
کمیٹی ملک کے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی چاند دیکھنے کی شہادتوں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ اس کے بعد محرم الحرام کے چاند کی رویت یا عدم رویت کے حوالے سے باضابطہ اعلان جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی عرب میں بھی آج شام محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد ہوگا۔ سعودی حکام اور ماہرین فلکیات نئے ہجری سال کے آغاز کے تعین کے لیے رویتِ ہلال کے عمل کی نگرانی کریں گے۔
محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے اور اس کی آمد مسلمانوں کے لیے خصوصی مذہبی اہمیت رکھتی ہے۔ اسی مہینے کے آغاز پر دنیا بھر کے مسلمان نئے اسلامی سال کا استقبال کرتے ہیں۔
یکم محرم کو غلافِ کعبہ (کسوۂ کعبہ) بھی تبدیل کیا جاتا ہے، جو ایک اہم اور روحانی تقریب سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر خانہ کعبہ کو نئے تیار کردہ غلاف سے مزین کیا جاتا ہے، جسے دنیا بھر کے مسلمان عقیدت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔