حکومت نے شہریوں کو پیٹرول سبسڈی کے تحت 100 روپے فی لیٹر ریلیف حاصل کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے۔ نئی اسکیم میں 2 ویلر، 3 ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دیا جائے گا۔
وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اسکیم کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل صارفین کو مقررہ مقدار میں پیٹرول پر ریلیف ملے گا۔
شزا فاطمہ کے مطابق 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کے مالکان کو 20 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا۔ 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے افراد 30 لیٹر پیٹرول پر پیٹرول سبسڈی حاصل کرسکیں گے۔
PM Fuel Relief Scheme | Registration Process
A step-by-step guide to registering for the Prime Minister’s Fuel Relief Scheme. 🎥⬇️ https://t.co/Rm7160mL3F— Ministry of IT & Telecom (@MoitOfficial) September 14, 2026
رجسٹریشن کا عمل ایس ایم ایس کے ذریعے ہوگا۔ اہل شہری اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سم سے “REG”، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور موٹر سائیکل یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ لکھ کر 9771 پر بھیجیں گے۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد پیٹرول خریدتے وقت صارف کو 9771 پر “TOK” لکھ کر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ موصول ہونے والا ٹوکن پیٹرول پمپ پر دکھا کر پیٹرول سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔
وزیر آئی ٹی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ ان کے مطابق حکومت شہریوں سے اضافی ڈیٹا یا کسی قسم کے چارجز طلب نہیں کرے گی اور نظام میں موجود غلطیوں کو درست کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اسلام آباد کے شہری 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب 12 بجے سے پیٹرول ریلیف حاصل کرسکیں گے۔ ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہری 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول سبسڈی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔