پاکستان لندن مالیاتی مرکز

پاکستان اور برطانیہ میں مالی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان لندن مالیاتی مرکز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے کی حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کرنے جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور برطانیہ میں پاکستان کے نومنتخب ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، بینکاری، ترسیلات زر، مالیاتی خدمات اور سرمایہ مارکیٹوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مالی وسائل کے نئے ذرائع تلاش کرنے، عالمی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی بڑھانے اور ملکی مالیاتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے عالمی مالیاتی مرکز کی حیثیت پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔

ملاقات میں ڈیجیٹل فنانس، بلاک چین پر مبنی مالیاتی حل، ورچوئل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن جیسے جدید مالیاتی شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ اقدامات پاکستان کے ڈیجیٹل معاشی وژن کا اہم حصہ قرار دیے گئے۔

دونوں شخصیات نے قرضوں کے انتظام، سرمایہ مارکیٹ کی ترقی اور برطانیہ کے ڈیبٹ مینجمنٹ آفس کے ساتھ تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔ ٹیپو عثمان نے بین الاقوامی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں سے روابط اور مستقبل میں سرمایہ کاری روڈ شوز کے امکانات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خزانہ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیاں دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے برطانوی مالیاتی اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ مسلسل تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پاکستان لندن مالیاتی مرکز حکمت عملی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ معاشی استحکام برقرار رکھا جائے، مالیاتی نظم و ضبط مضبوط کیا جائے، کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی کو فروغ دیا جائے۔ دونوں ممالک نے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین