وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم

وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں اجرا، پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی پٹرول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں اجرا کردیا گیا ہے، جس کے تحت اہل صارفین کو پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر تک رعایت فراہم کی جا رہی ہے۔

حکومت نے یہ اسکیم پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے متعارف کرائی ہے، جس کا مقصد موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین کو براہ راست ریلیف دینا ہے۔

تازہ حکومتی فیصلے کے مطابق موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگ چی استعمال کرنے والے افراد کو ایک ہفتے کے لیے 500 روپے کا ریلیف ٹوکن ملے گا۔ اہم تبدیلی یہ کی گئی ہے کہ اب 5 لیٹر سے کم پٹرول خریدنے والے صارفین بھی مکمل 500 روپے کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔ ایک ہفتے میں ایک ٹوکن جاری ہوگا، جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4 ٹوکن حاصل کیے جاسکیں گے۔

حکومت کے مطابق اس سہولت کے ذریعے کم مقدار میں پٹرول خریدنے والے شہری بھی اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ پہلے کم از کم 5 لیٹر پٹرول خریدنے کی شرط موجود تھی، تاہم عوامی شکایات اور موصول ہونے والے ردعمل کے بعد یہ شرط ختم کردی گئی ہے تاکہ ریلیف زیادہ آسانی سے مستحق افراد تک پہنچ سکے۔

800 سی سی تک انجن رکھنے والی گاڑیوں کے لیے بھی پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت برقرار رکھی گئی ہے۔ ایسے صارفین کو ہر 10 دن میں 10 لیٹر پٹرول پر رعایت دی جائے گی، جبکہ ایک ماہ میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔ اس طرح چھوٹی گاڑی رکھنے والے صارفین کو ماہانہ 30 لیٹر تک پٹرول پر ریلیف حاصل ہوگا۔

وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پٹرول حاصل کرنے کے لیے صارفین کو پہلے رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنا ہوتا ہے۔ حکومت نے اسکیم کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چلانے کا انتظام کیا ہے تاکہ اہل صارفین کی شناخت اور ٹوکن کے استعمال کو زیادہ منظم اور شفاف بنایا جاسکے۔

حکومت نے اسکیم میں مزید افراد کو شامل کرنے کے لیے موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگ چی گاڑیوں کی اہلیت کی مدت میں بھی توسیع کی ہے۔ تازہ فیصلے کے تحت 20 سال تک پرانی متعلقہ گاڑیاں بھی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کراسکتی ہیں، جس سے زیادہ شہریوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین