روس کے علاقے سمولینسک پر یوکرینی ڈرون حملے میں دو افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ لینن گراڈ کے علاقے میں بھی رواں سال کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا گیا۔ روسی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے سمولینسک میں 37 جبکہ لینن گراڈ میں تقریباً 150 ڈرون تباہ کیے۔ حملوں کے دوران رہائشی عمارت اور بندرگاہ کے علاقے کو نقصان پہنچا۔
سمولینسک کے گورنر واسلی انوخین نے بتایا کہ روسی وزارت دفاع کے فضائی دفاعی نظام نے رات کے وقت حملے کے دوران 37 ڈرون تباہ کیے۔ ان کے مطابق واقعے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ شہر یارتسیوو میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے آگ لگ گئی، جس کے بعد عمارت سے لوگوں کو نکالنا پڑا۔
گورنر کے مطابق امدادی کارکنوں نے آگ سے متاثرہ علاقے سے 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ عمارت کے رہائشیوں کیلئے عارضی رہائش کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ انوخین نے کہا کہ عمارت کا معائنہ مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ رہائشیوں کو دوبارہ اپنے گھروں میں جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے یا نہیں۔
دوسری جانب روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق لینن گراڈ کے علاقے میں 11 نومبر کی رات 2026 کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا گیا۔ گورنر الیگزینڈر ڈروزڈینکو نے دعویٰ کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے ابتدائی اطلاعات کے مطابق 150 ڈرون تباہ کیے۔ حملے کے باعث اوست لوگا بندرگاہ کے علاقے میں آگ لگ گئی، جس سے تین کارکن زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
تاس کے مطابق اس سے قبل لینن گراڈ میں رواں سال کا بڑا ڈرون حملہ 18 اکتوبر کو ہوا تھا، جب 145 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اسی طرح 6 جون کو 144 ڈرون مار گرائے گئے تھے۔ تازہ حملے میں 150 ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ اس سال کے دوران علاقے میں سب سے بڑی تعداد ہے۔
ادھر روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے یوکرین کی دفاعی صنعت سے منسلک توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔ ان اہداف میں کریوی ریح میں 330 کلو وولٹ کا ایک سب اسٹیشن اور اوڈیسا کے علاقے میں دو سب اسٹیشن شامل تھے۔ روس نے بحیرہ اسود میں ہتھیار اور فوجی سازوسامان لے جانے والے ایک مال بردار جہاز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔ دوسری جانب یوکرینی حکام نے زاپوریزیا میں چھ اور خارکیف میں ایک شخص کے روسی حملوں میں زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان امریکا کی ثالثی میں امن مذاکرات کا نیا دور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شروع ہوا ہے۔ اس سے قبل جنوری اور فروری میں ابوظہبی اور جنیوا میں مذاکرات کے مختلف ادوار ہوئے تھے۔ تاہم، تازہ فوجی کارروائیوں سے متعلق دونوں ممالک کے دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔ جاری حملوں کے باوجود سفارتی کوششیں تنازع کے خاتمے کیلئے جاری ہیں۔