پاکستان کے تجربہ کار ٹینس اسٹار اعصام الحق نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکسڈ ڈبلز کا عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔ پرتگال کے شہر لزبن میں جاری ایونٹ میں اعصام الحق نے جرمن کھلاڑی نینا ہرمن کے ساتھ مل کر فائنل میں کامیابی حاصل کی۔
اعصام الحق اور نینا ہرمن نے فائنل میں پرتگال کی ٹاپ سیڈ جوڑی فریڈ گل اور ریٹا فریٹاس کا مقابلہ کیا۔ پاکستانی جرمن جوڑی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 6-4 اور 6-3 سے شکست دی اور مکسڈ ڈبلز ورلڈ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
فائنل میں کامیابی کے ساتھ اعصام الحق نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھا۔ حالیہ کامیابی ان کے ماسٹرز ٹینس کیریئر میں ایک اور نمایاں عالمی اعزاز ہے، جبکہ پاکستان کے لیے بھی یہ کامیابی بین الاقوامی ٹینس میں اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
دوسری جانب مینز 45 پلس ڈبلز میں اعصام الحق اور عقیل خان فائنل میں فرانس کے جیکس گلے اور ژاں بپٹسٹ رینالٹ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوئے۔ پاکستانی جوڑی نے ایونٹ میں شاندار سفر طے کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا اور عالمی سطح پر اپنی موجودگی کا بھرپور اظہار کیا۔
پاکستان نے آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر چار میڈلز حاصل کیے۔ قومی ٹیم کے حصے میں ایک گولڈ، دو سلور اور ایک برونز میڈل آیا، جس نے عالمی ٹینس ایونٹ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی کو نمایاں بنا دیا۔
عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں جرمنی کی ایلین اراناس روتھ کے ساتھ پاکستان کے لیے برونز میڈل حاصل کیا، جبکہ اعصام الحق اور عقیل خان نے مینز 45 پلس ڈبلز میں سلور میڈل جیتا۔ اس طرح پاکستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑیوں نے ایونٹ میں مجموعی طور پر چار تمغے یقینی بنائے۔