کینیڈا کے جنگلاتی دھوئیں

جنگلاتی آگ کے دھوئیں نے ٹورنٹو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

کینیڈا کے جنگلاتی دھوئیں نے ٹورنٹو کی فضائی آلودگی کو خطرناک سطح تک پہنچا دیا، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ شمال مغربی اونٹاریو میں لگنے والی جنگلاتی آگ کا دھواں امریکا کے شمال مشرقی علاقوں تک بھی پھیل گیا۔

انوائرمنٹ کینیڈا کے مطابق ٹورنٹو کا ایئر کوالٹی ہیلتھ انڈیکس 10 پلس ریکارڈ کیا گیا، جسے "انتہائی زیادہ خطرہ” قرار دیا گیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا کہ خراب فضائی معیار جمعرات کی رات تک برقرار رہ سکتا ہے۔

دھوئیں کے اثرات امریکا کی ریاستوں نیویارک اور نیو جرسی تک بھی پہنچے، جہاں مقامی حکام نے فضائی آلودگی کے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو سخت جسمانی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ ماہرین کے مطابق دھواں ہفتے کے آخر تک برقرار رہ سکتا ہے۔

کینیڈا کے جنگلاتی دھوئیں کے باعث ٹورنٹو میں فیفا فین فیسٹیول اور ورلڈ کپ میچ کی عوامی اسکریننگ بھی منسوخ کر دی گئی۔ حکام نے کہا کہ یہ فیصلہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔

کینیڈین حکومت کے مطابق بدھ کے روز ملک بھر میں 835 جنگلاتی آگ سرگرم تھیں، جن میں سے 112 پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ اب تک تقریباً 19 لاکھ ہیکٹر رقبہ جل چکا ہے، جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبوں میں مانیٹوبا، سسکیچیوان اور اونٹاریو شامل ہیں۔

جنگلاتی آگ کے باعث ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی۔ اونٹاریو کے علاقے آرم اسٹرانگ کے قریب ریلوے سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی، جبکہ دو امریکی بچوں کے گروپوں کو، جو جنگلات میں کیمپنگ پر تھے، کینیڈین فوج کی مدد سے بحفاظت نکال لیا گیا۔

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث شمالی امریکا میں جنگلاتی آگ اور اس سے پیدا ہونے والے دھوئیں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکام نے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو گھروں میں رہنے اور فضائی معیار سے متعلق تازہ معلومات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین