نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 18 جون کو طے پانے والے اسلام آباد ایم او یو پر من وعن عملدرآمد ہی جاری علاقائی کشیدگی کم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے یہ بات امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر سے ملاقات کے دوران کہی۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعاون سمیت خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے ایران سے متعلق جاری کشیدگی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ اسلام آباد ایم او یو پر اس کی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے مستقل امن کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
نائب وزیراعظم نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اپنے قومی مفادات کا تحفظ بھی یقینی بنائے گا۔ انہوں نے علاقائی مسائل کے حل کے لیے سفارتی رابطوں کو اہم قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون علاقائی استحکام میں کردار ادا کر سکتا ہے اور کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کو تقویت دے سکتا ہے۔
امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی کی بھی مبارکباد پیش کی۔
ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب ایران اور مشرق وسطیٰ سے متعلق علاقائی کشیدگی برقرار ہے۔ پاکستان مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دے رہا ہے، جبکہ اسلام آباد ایم او یو کشیدگی کم کرنے اور پرامن سفارتی رابطوں کے فروغ کی کوششوں میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔