آسٹریلیا کے معروف آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کا 14 سالہ شاندار بین الاقوامی کریئر اختتام پذیر ہوگیا۔ 38 سالہ جارح مزاج کرکٹر نے 2 نومبر 2026 کو اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ میکسویل نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں آسٹریلیا کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی اور کئی یادگار کامیابیاں حاصل کیں۔
گلین میکسویل اپنی جارحانہ بیٹنگ، منفرد شاٹس اور مشکل صورتحال میں میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت کے باعث دنیا بھر میں مشہور رہے۔ انہیں جدید کرکٹ کے خطرناک ترین محدود اوورز کے بلے بازوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ ان کی غیر معمولی بیٹنگ اور آل راؤنڈ کارکردگی نے انہیں آسٹریلوی کرکٹ میں ایک نمایاں مقام دلایا۔
میکسویل آسٹریلیا کی جانب سے 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ بڑے ٹورنامنٹس میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شامل رکھا۔
اپنے بین الاقوامی کریئر کے دوران گلین میکسویل نے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے انٹرنیشنل اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 3 ہزار 990 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2 ہزار 897 رنز بنائے۔ ون ڈے میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور افغانستان کے خلاف ناقابل شکست 201 رنز تھا، جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کا بہترین اسکور 145 رنز رہا۔
گلین میکسویل نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ ستمبر 2012 میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا، جبکہ 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا۔ ٹیسٹ فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 104 رنز رہا۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر نے اس سے قبل جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں عمان کے خلاف تھا۔ میکسویل نے وکٹوریہ کی فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اپنی فٹنس پر توجہ دے سکیں۔