یونان میں ہیلی کاپٹر حادثہ

یونان میں ہیلی کاپٹر حادثہ، نوبیاہتا جوڑے سمیت 3 افراد ہلاک

یونان کے جزیرے سیفنوس میں ایک افسوسناک ہیلی کاپٹر حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق حادثہ ہیلی کاپٹر کے ٹیک آف کرنے کے فوراً بعد پیش آیا۔

حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے نجی ہیلی کاپٹر میں یونانی پائلٹ کے علاوہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوبیاہتا جوڑا بھی سوار تھا۔ اطلاعات کے مطابق برطانوی جوڑا شادی کے بعد ہنی مون منانے کے لیے سیفنوس آیا تھا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر نے اڑان بھری ہی تھی کہ اس میں دھماکا ہوا اور وہ آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر جزیرے کے ایک پہاڑی علاقے میں جا گرا، جہاں سے آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دیے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی یونان کی ایمرجنسی سروسز فوری طور پر متحرک ہوگئیں۔ ابتدائی طور پر دو فائر فائٹرز اور ایک فائر انجن جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

بعد ازاں ایک اور یونانی جزیرے سیروس سے بھی امدادی ٹیم کو سیفنوس روانہ کیا گیا۔ امدادی اہلکاروں نے حادثے کے مقام پر کارروائی کرتے ہوئے ملبے کا جائزہ لیا اور متاثرہ علاقے کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے۔

حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر بعض تصاویر بھی سامنے آئیں جن میں جزیرے کے پہاڑی مقام پر ہیلی کاپٹر کے گرنے کی جگہ دکھائی گئی۔ تصاویر میں ملبے سے اٹھنے والے شعلے اور دھواں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین