نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ

نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ پر جامعہ کے دو الگ نوٹیفکیشن، اگلے روز ہی 3 سالہ کنٹریکٹ

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) نے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ اور اس کے فوراً بعد کنٹریکٹ پر دوبارہ خدمات جاری رکھنے سے متعلق دو الگ نوٹیفکیشن جاری کردیے۔

یونیورسٹی کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست 2026 کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوگئیں۔ وہ جے ایس ایم یو میں پروفیسر آف گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس (BPS-21) کے ساتھ ساتھ پرو وائس چانسلر کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے رہی تھیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کے نوٹیفکیشن کے فوری بعد یونیورسٹی نے ایک الگ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر نگہت شاہ کو مزید 3 سال کے لیے کنٹریکٹ پر بطور پروفیسر آف گائناکالوجی خدمات جاری رکھنے کی اجازت دے دی۔

جے ایس ایم یو کے رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی جانب سے جاری ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست کی دوپہر سے سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوگئیں۔ نوٹیفکیشن میں 6 اکتوبر 2025 کو بطور پرو وائس چانسلر ان کی تقرری کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ کی پرو وائس چانسلر کے عہدے پر تقرری ان کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے تک تھی، جس کے باعث ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی یہ تقرری بھی ختم ہوگئی۔

تاہم یونیورسٹی کے دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ کے فیصلے اور مجاز اتھارٹی یعنی سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد ڈاکٹر نگہت شاہ کو جے ایس ایم یو میں پروفیسر آف گائناکالوجی (BPS-21) کے طور پر 3 سال کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نئے کنٹریکٹ کا اطلاق 13 اگست 2026 سے ہوگا، یعنی ریٹائرمنٹ کے اگلے ہی روز سے۔ یوں یونیورسٹی کے دونوں نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر نگہت شاہ 12 اگست کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئیں اور کسی وقفے کے بغیر 13 اگست سے تین سالہ کنٹریکٹ کے تحت اسی جامعہ میں بطور پروفیسر اپنی خدمات جاری رکھیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین