آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں زیارت، ہرنائی اور سوراب کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان واقع پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زیارت اور ہرنائی کے درمیان ہونے والے آپریشن میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران علاقے میں موجود دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں روکا گیا۔
دوسری جانب ضلع سوراب میں بھی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ ذرائع کے مطابق دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشتگردوں کی موجودگی کا پتہ چلنے کے بعد فورسز نے علاقے میں کارروائی شروع کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حاجیکہ گاؤں میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشتگردوں کی ممکنہ موجودگی کے حوالے سے سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے برآمد ہونے والے سامان کو قبضے میں لے کر مزید تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے۔