بھارتی بی ایس ایف فائرنگ

دو پاکستانی شہریوں کی شہادت، پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرلیا

پاکستان نے بیڈیاں سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کی شہادت پر بھارتی بی ایس ایف فائرنگ کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے بیڈیاں سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں شہری جاں بحق ہوگئے۔

دفتر خارجہ نے نہتے شہریوں پر بھارتی بی ایس ایف فائرنگ کو بلاجواز قرار دیا۔ پاکستان نے جاں بحق شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش بھی مسترد کردی۔

پاکستان کے مطابق یہ واقعہ بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے اور ایسے واقعات پر کارروائی ہونی چاہیے۔

پاکستان نے بھارتی بی ایس ایف فائرنگ کے واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔

بھارتی ناظم الامور کو دیے گئے مراسلے میں بھارت سے تحقیقات کے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستان نے ذمہ دار افراد کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے۔ پاکستان نے سرحدی معاملات میں زیادہ سے زیادہ تحمل اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین