پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے پر برقرار رکھنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی بدستور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کے بانی عمران خان کے علاوہ کسی دوسرے رہنما کو وزیراعلیٰ کے متبادل امیدوار کی نامزدگی یا پہلے سے کیے گئے فیصلے میں تبدیلی کا اختیار حاصل نہیں ہوگا۔
پی ٹی آئی کے اس فیصلے کو صوبے میں وزارت اعلیٰ کی تبدیلی سے متعلق جاری بحث اور مختلف قیاس آرائیوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔ پارٹی نے اپنے تازہ اقدام کے ذریعے قیادت کے معاملے پر واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں پارٹی رہنماؤں اور ارکان کو وزیراعلیٰ کی ممکنہ تبدیلی کے معاملے پر اجلاس بلانے، تجاویز پیش کرنے اور بحث کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے سے متعلق کسی بھی نئی نامزدگی یا فیصلے میں تبدیلی کے لیے عمران خان کی منظوری ضروری ہوگی۔