پنجاب ای بائیک رینٹل سروس

پنجاب حکومت کا لاہور میں پاکستان کی پہلی ای بائیک رینٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے لاہور میں پاکستان کی پہلی عوامی ای بائیک رینٹل سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو کم لاگت، آسان اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ روزمرہ سفر کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں لاہور کے مختلف علاقوں میں 10 ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی جبکہ 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے جائیں گے۔ یہ اسٹیشنز شہر کے اہم رہائشی، تجارتی اور عوامی ٹرانسپورٹ مراکز کے قریب بنائے جائیں گے تاکہ شہری آسانی سے ای بائیکس تک رسائی حاصل کر سکیں۔

پنجاب ای بائیک رینٹل سروس کا بنیادی مقصد ’’لاسٹ مائل کنیکٹیویٹی‘‘ کو بہتر بنانا ہے۔ اس نظام کے ذریعے مسافر اپنے گھروں، دفاتر یا کاروباری مراکز سے قریبی میٹرو، بس یا دیگر پبلک ٹرانسپورٹ اسٹیشنز تک باآسانی سفر کر سکیں گے، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں کمی آئے گی۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان کے مطابق شہری ایک خصوصی موبائل ایپ کے ذریعے چند سیکنڈز میں ای بائیک حاصل کر سکیں گے۔ جدید ڈیجیٹل سسٹم صارفین کو بائیک تلاش کرنے، کرایہ پر لینے اور سفر مکمل ہونے کے بعد واپس جمع کرانے کی سہولت فراہم کرے گا۔

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق 10 ہزار ای بائیکس کے استعمال سے شہر میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی متوقع ہے، جس سے فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس منصوبے سے نہ صرف ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے ایندھن پر آنے والے اخراجات بھی کم ہوں گے۔

منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز کے لیے جگہ فراہم کرے گی جبکہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹی اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے بھی اس میں تعاون کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین