کراچی کے ریڈ لائن منصوبے پر کام 48 گھنٹوں میں دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کے ریڈ لائن منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے اور 48 گھنٹوں میں پیش رفت متوقع ہے۔
جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بنا ہوا ہے اور اس پر جلد کام مکمل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کنٹریکٹرز کو بارہا متنبہ کیا کہ کام بروقت مکمل کیا جائے، تاہم کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی۔
شرجیل میمن کے مطابق لاٹ ٹو کا معاہدہ اسی وجہ سے ختم کیا گیا کیونکہ وہاں کام کی رفتار اور معیار مطلوبہ سطح پر نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی مشاورت سے کیا گیا تاکہ منصوبے کو بہتر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ریڈ لائن کوریڈور کو جلد مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
شرجیل میمن نے شاہراہ بھٹو کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ شاہراہ بھٹو کو اگلے ماہ مکمل طور پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔