شرجیل میمن پیپلز پارٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کیلئے پیپلز پارٹی کی خدمات کی کوئی مثال نہیں ملتی اور پارٹی نے قومی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کے ذریعے حکومت میں آتی ہے اور اقتدار میں آکر عوامی خدمت کے کام کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ بڑی تعداد میں ڈبل ڈیکر بسیں کراچی پہنچ جائیں گی، جبکہ ای وی ٹیکسیاں بھی شہریوں کیلئے دستیاب ہوں گی۔ ان کے مطابق 500 ای وی بسوں کی منظوری بھی ہوچکی ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پنک اسکوٹیز بھی بہت جلد شہریوں کو فراہم کی جائیں گی۔ ان منصوبوں کا مقصد کراچی میں شہریوں کیلئے سفری سہولیات کو بہتر بنانا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے متبادل فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر کوریڈور کا 80 سے 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی میں کوئی بڑا مسئلہ نہیں اور منصوبہ 15 ستمبر تک مکمل ہوجائے گا۔
شرجیل میمن پیپلز پارٹی کے حوالے سے اپنے مؤقف کے ساتھ پاکستان کے توانائی وسائل پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور تھرپارکر میں کوئلے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔
شرجیل میمن نے دعویٰ کیا کہ تھرپارکر کے کوئلے سے پورے پاکستان کے بجلی پلانٹس چلائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانا بھی پیپلز پارٹی کی قومی خدمات میں شامل ہے اور پارٹی کی ملکی خدمت کی مثال نہیں ملتی۔