وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم ذخائر بڑھانے کا حکم، آئل ریفائننگ پالیسی میں ترامیم منظور

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے توانائی تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔ یہ ہدایت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں دی گئی، جس میں توانائی شعبے کی اصلاحات اور آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پر اہم فیصلے کیے گئے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، ریفائنریز کی بہتری اور پالیسی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حکام کی جانب سے آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی پالیسی پر عملدرآمد اور شعبے میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز پاکستان کے توانائی تحفظ کے جامع نظام کا اہم حصہ ہیں اور یہ ملک کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے میں مدد دیں گی۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اصلاحات متعارف کرانے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ توانائی شعبے میں اصلاحات سے مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے۔ وزیراعظم نے نئی پالیسی کے مؤثر اور بروقت نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عملدرآمد میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں سرمایہ کاری روڈ شوز منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کو اجاگر کیا جا سکے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ریفائننگ پالیسی میں ترامیم کے حوالے سے وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹجک ذخائر بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط ذخائر توانائی کے تحفظ اور مستقل فراہمی کے لیے ضروری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین