ٹرمپ کا نیا امریکی پاسپورٹ منظرِ عام پر آ گیا ہے، جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں متعارف کرایا۔ محدود تعداد میں جاری کیے جانے والے اس خصوصی پاسپورٹ کی ابتدائی جھلک ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کی۔
پاسپورٹ کے ڈیزائن میں ٹرمپ کی میز پر بیٹھی ہوئی تصویر اور ان کے دستخط شامل ہیں، جبکہ پس منظر میں امریکی اعلانِ آزادی کا متن دکھایا گیا ہے۔ سامنے والے صفحے پر 1776 میں اعلانِ آزادی پر دستخط کی تاریخی تصویر اور "United States of America 250” درج ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بھی اسی ڈیزائن کو "پیٹریاٹ پاسپورٹ” کے نام سے جاری کیا۔ یہ خصوصی پاسپورٹ امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک کی تاریخی وراثت کو اجاگر کرنا ہے۔
اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ اعلان کر چکا تھا کہ خصوصی آرٹ ورک سے مزین یادگاری پاسپورٹ 6 جولائی سے دستیاب ہوگا۔ حکام کے مطابق ابتدائی طور پر یہ صرف واشنگٹن میں ذاتی طور پر درخواست دینے والوں کو محدود مدت اور دستیاب تعداد تک فراہم کیا جائے گا۔
ٹرمپ کا نیا امریکی پاسپورٹ صدر کی ان حالیہ کوششوں کا تسلسل سمجھا جا رہا ہے جن کے ذریعے وہ مختلف سرکاری اداروں اور قومی منصوبوں پر اپنی شناخت نمایاں کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے متعدد اقدامات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ مستقبل میں ایک ڈالر کے نوٹ پر ٹرمپ کے دستخط شامل کیے جائیں گے۔ اسی طرح صدر نے جان ایف کینیڈی سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس کے ساتھ بھی اپنا نام منسلک کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم بعد ازاں عدالت نے اس فیصلے کو واپس لینے کا حکم دیا۔
اگر یہ منصوبہ اعلان کے مطابق نافذ ہوتا ہے تو ٹرمپ کا نیا امریکی پاسپورٹ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حاضر سروس صدر کی تصویر والا سفری دستاویز ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ خصوصی پاسپورٹ امریکہ 250 کی تقریبات کے دوران خاص توجہ حاصل کرے گا۔