کوہاٹ میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور پولیس اہلکاروں سمیت 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا۔ دھماکے سے مسجد کے باہر گڑھا پڑ گیا جبکہ مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر اور ایک دیوار بھی منہدم ہوگئی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جیو نیوز کو بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد زور دار دھماکا ہوا۔ واقعے کے دوران فائرنگ بھی ہوئی۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر علی شاہ نے بتایا کہ اسپتال میں 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں۔ واقعے کے بعد اسپتال میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس نے دھماکے کے بعد کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔ پولیس لائنز کے قریب مزید نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جبکہ علاقے میں سکیورٹی اقدامات جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔