جنوبی لبنان میں جنوبی لبنان اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملے امریکی ثالثی میں طے پانے والے امن فریم ورک کے بعد مہلک ترین کارروائیوں میں شامل ہیں۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی گاؤں انصار میں ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیئر الزہرانی گاؤں پر الگ حملے میں مزید 2 افراد جان سے گئے۔
حکام کے مطابق انصار حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ تازہ حملوں میں شہریوں کی ہلاکت پر لبنانی حکام نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی لبنان اسرائیلی حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکی ثالثی میں ایک امن فریم ورک پر اتفاق ہوچکا ہے۔ معاہدے کے تحت حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے اور لبنانی فوج کے کنٹرول سنبھالنے تک اسرائیلی فوج جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں موجود رہے گی۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک سکیورٹی زون کے اندر حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ کارروائی اس کے فوجیوں کے خلاف ہونے والی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی۔
لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے انصار میں ہونے والے حملے کو فوجی انفراسٹرکچر قرار دینے کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں جاں بحق خواتین اور بچے فوجی اہداف نہیں تھے اور اسرائیل سے کشیدگی روکنے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں اپنی فوج برقرار رکھی ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے غیر مسلح ہونے تک فوج واپس نہیں جائے گی، جبکہ امریکی حکام نے مستقل اسرائیلی فوجی موجودگی کو معاہدے سے متصادم قرار دیا ہے۔