منیٰ: دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کے سب سے اہم رکن، وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے۔
حج کے مناسک کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جبکہ پیر کو 8 ذوالحج کے موقع پر عازمینِ حج نے منیٰ میں یومِ ترویہ عبادات میں گزارا۔ شدید گرمی کے باوجود لاکھوں حجاج نے نماز، دعا اور ذکر و اذکار میں دن بسر کیا، جبکہ زیادہ تر وقت خیموں میں گزارا۔
شام کے وقت موسم قدرے بہتر ہونے پر منیٰ کی گلیوں اور سڑکوں پر عازمین کی آمدورفت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں۔
پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آئے حجاج کرام نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں، جبکہ میدانِ عرفات کی جانب ابتدائی قافلوں کی روانگی شام سے شروع ہو گئی۔
آج 9 ذوالحج کو تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات پہنچیں گے جہاں وہ وقوفِ عرفہ ادا کریں گے۔ تاریخی مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیا جائے گا، جسے لاکھوں مسلمان سنیں گے۔
خطبۂ حج امام مسجد نبوی شیخ علی عبدالرحمن الحذیفی دیں گے۔ غروبِ آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔