ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ واضح طور پر قرار دیتا ہے کہ ایک ملک پر حملہ تمام ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں طاہر حسن اندرابی نے 7 اگست کو ہونے والے مکہ سمٹ کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مکہ معاہدے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے اور تینوں ممالک کے امن و سلامتی کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ اجتماعی سلامتی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
طاہر حسن اندرابی نے کہا کہ مکہ معاہدہ امن و سلامتی کے حوالے سے صرف تین ممالک تک محدود نہیں ہے۔ اس معاہدے کی توجہ علاقائی امن اور اجتماعی سلامتی پر ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حوالے سے پرامید ہے۔ اسلام آباد مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کیلئے مخلصانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسلام آباد ایم او یو کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔ انہوں نے پاکستان کے بارے میں مثبت بیان دینے پر ایرانی صدر کا بھی شکریہ ادا کیا۔
طاہر حسن اندرابی نے امریکا اور سعودی عرب کے سول جوہری معاہدے پر بھی بات کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے پرامن جوہری توانائی کے حق کی حمایت کی اور کہا کہ معاہدے کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کے بعد پاکستان تفصیلی مؤقف جاری کرے گا۔