مریم نواز کرپشن بیان

ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی، مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے حوالے سے بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوگئی تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گی۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے ماحول میں جہاں روزانہ احتجاج اور توڑ پھوڑ ہوتی ہو، وہاں محنت کش افراد کس طرح اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری لانے کے لیے سب سے پہلے کاروباری ماحول کو محفوظ اور پُرامن بنانا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے امن و استحکام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق مسلسل احتجاج اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں ترقی کے عمل کو متاثر کرتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے اور بدعنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا جارہا ہے۔

صوبے کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قومی مجموعی پیداوار (GDP) میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں صنعت سمیت مختلف شعبے تبدیلی اور ترقی کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 25، 25 سال سے قائم غیر قانونی قبضے ختم کرائے گئے ہیں، جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے ذریعے بازاروں کو کشادہ کیا گیا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور عوام کی آمدورفت میں آسانی پیدا ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین