بائننس سائبر حملہ

بائننس پر تاریخ کا سب سے بڑا سائبر حملہ، 6.3 ارب ڈالر کے کرپٹو اثاثے متاثر

دنیا کی معروف کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائننس (Binance) کو تاریخ کے سب سے بڑے سائبر حملوں میں سے ایک کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 6.3 ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے متاثر ہوئے ہیں۔ اس واقعے کو کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری قرار دیا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور بائننس کے باضابطہ بیان کے مطابق ہیکرز نے متعدد بلاک چین نیٹ ورکس کے ذریعے غیر مجاز ٹرانزیکشنز کیں، جس کے بعد کمپنی نے فوری طور پر بلاک چین پارٹنرز اور اسٹیبل کوائن کمپنیوں سے رابطہ کرکے متاثرہ اثاثوں کا سراغ لگانے اور انہیں منجمد کرنے کی کوششیں شروع کردیں۔

بائننس کے مطابق سائبر حملے کے بعد مختلف بلاک چین پارٹنرز کے تعاون سے تقریباً 3 ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منجمد کیے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سکیورٹی چیکس مکمل ہونے تک ایکسچینج نے عارضی طور پر ڈپازٹس اور ودڈرال کی سہولت بھی معطل کردی ہے۔

کمپنی کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق سائبر حملے کا ممکنہ تعلق ایک ڈیواپس انجینئر کے لیپ ٹاپ سے ہے، جسے ہیکرز نے مبینہ طور پر ہیک کرکے سسٹم تک رسائی حاصل کی۔ اس رسائی کے ذریعے غیر قانونی ودڈرال ٹرانزیکشنز کی گئیں۔

بائننس نے اعلان کیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات کمپنی اپنے فنڈز اور صارفین کے تحفظ کے لیے قائم SAFU فنڈ کے ذریعے پورے کرے گی۔ کمپنی کے مطابق اب تک کسی بھی والٹ کی پرائیویٹ کیز لیک ہونے کے شواہد نہیں ملے اور صارفین کے فنڈز محفوظ ہیں۔

دوسری جانب بلاک چین انٹیلیجنس فرم TRM Labs نے اس سائبر حملے میں شمالی کوریا سے منسلک ہیکنگ گروپ TraderTraitor کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ فرم کے مطابق تقریباً 6.36 ارب ڈالر مالیت کے اثاثے بائننس کے دس مختلف بلاک چین نیٹ ورکس سے منتقل کیے گئے۔ تاہم اس نسبت کی بنیاد فرم کی اپنی آن چین اور آف چین تحقیقات ہیں۔

واضح رہے کہ فروری 2025 میں کرپٹو پلیٹ فارم بائی بٹ (Bybit) بھی بڑے سائبر حملے کا نشانہ بنا تھا، جس میں تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہوئی تھی۔ تاہم بائننس پر ہونے والا حالیہ حملہ مالیت کے اعتبار سے اس سے کہیں بڑا ہے۔ کمپنی متاثرہ اثاثوں کی بازیابی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلاک چین پارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین