لاہور: پاکستان کی ٹیم سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکا کے خلاف بری طرح ناکام ہوگئی اور پوری ٹیم 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر فخر زمان 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ معاذ صداقت 8 رنز بنا کر فرنینڈو کی اندر آتی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے باعث پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی۔
وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ بھی صرف 5 رنز بنا سکے، جبکہ سلمان علی آغا نے 9 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم پاکستان کی جانب سے نمایاں بیٹر رہے اور انہوں نے 29 رنز بنائے، تاہم وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انگلینڈ کے خلاف گزشتہ میچ میں شاندار سنچری بنانے والے شاداب خان اس مرتبہ صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان نے 64 رنز کے مجموعی اسکور پر اپنی چھ وکٹیں گنوا دی تھیں، جس سے ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا۔
عرفات منہاس نے 10 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حارث رؤف نے ایک، شاہین آفریدی نے 15 اور نسیم شاہ نے 2 رنز اسکور کیے، یوں پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔