پاکستان موسم کی پیشگوئی کے مطابق محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ہفتے اور اتوار کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ نے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
پی ایم ڈی کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور ہفتہ کی شام سے ان کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بھی شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جس سے بارش کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، میں جمعہ کی رات سے پیر تک بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے دیامر، استور، گلگت، ہنزہ، اسکردو، غذر، گانچھے اور شگر میں بھی اسی دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، پشاور، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان اور دیگر اضلاع میں ہفتہ اور اتوار کو بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔ اسلام آباد اور پنجاب کے راولپنڈی، مری، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور شیخوپورہ سمیت متعدد اضلاع میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، رحیم یار خان، راجن پور اور ملحقہ علاقوں میں ہفتہ کی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں بھی کہیں کہیں بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کا امکان ہے۔ تاہم تھرپارکر، سکھر، شکارپور، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں اتوار اور پیر کو کہیں کہیں بارش اور گرج چمک ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ شہریوں، سیاحوں اور کسانوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی پیشگوئی کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔