سندھ صنفی مساوات رپورٹ

سندھ میں 40 لاکھ سے زائد بچیاں اسکولوں سے باہر، رپورٹ

سندھ کی پہلی صنفی مساوات رپورٹ میں صوبے میں تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں خواتین اور مردوں کے درمیان نمایاں فرق کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ 40 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچیوں کے اسکولوں سے باہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق صنفی مساوات سے متعلق رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کردی گئی۔ معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا نے رپورٹ پیش کی، جس کے بعد وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچیوں کے لیے مساوی مواقع یقینی بنانے کے لیے اصلاحات پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں مردوں کی شرح خواندگی 68 فیصد جبکہ خواتین کی شرح خواندگی 47 فیصد ہے۔ دیہی سندھ میں خواتین کی شرح خواندگی مزید کم ہوکر 27.52 فیصد رہ جاتی ہے، جو تعلیم کے شعبے میں موجود صنفی فرق کو ظاہر کرتی ہے۔

صنفی مساوات رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 سے 16 سال کی عمر کی 40 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچیاں اسکولوں سے باہر ہیں۔ رپورٹ نے لڑکیوں کے کم تعلیمی اندراج کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے اسکولوں میں داخلوں اور تعلیم کے تسلسل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں زچگی کے دوران اموات کی شرح میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایک لاکھ کیسز میں زچگی کے دوران اموات 314 سے کم ہوکر 224 ہوگئی ہیں۔ رپورٹ میں صحت کے بجٹ میں اضافے کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، تاہم صنفی تشدد سے متاثرہ خواتین کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ میں خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن 1 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ خواتین کی ملازمتوں کی تعداد 24 لاکھ 80 ہزار سے بڑھ کر 33 لاکھ 20 ہزار ہوگئی جبکہ خواتین کی افرادی قوت میں شرکت 43.8 فیصد سے بڑھ کر 46.2 فیصد ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق خواتین کی معاشی شرکت میں بہتری کے باوجود باعزت روزگار، ڈیجیٹل سہولیات اور دیگر مواقع تک رسائی میں رکاوٹیں موجود ہیں۔ خواتین کے لیے مالی شمولیت، ہنر اور کاروباری مواقع بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی محکموں کو صنفی مساوات رپورٹ کی روشنی میں پالیسیاں مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے صنفی بنیاد پر الگ اعداد و شمار جمع کرنے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تاکہ پالیسی سازی اور وسائل کی تقسیم میں بہتر رہنمائی حاصل ہوسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین