آبنائے ہرمز تیل کی قیمتیں

آبنائے ہرمز کی غیر یقینی صورتحال، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا

آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ایشیائی مارکیٹ میں پیر کی صبح ہونے والی تجارت کے دوران سرمایہ کاروں کی توجہ خطے کی صورتحال اور عالمی توانائی کی فراہمی پر اس کے ممکنہ اثرات پر مرکوز رہی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیا میں کاروبار کے آغاز پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمجھی جانے والی آبنائے ہرمز کی صورتحال واضح نہ ہونے کے باعث مارکیٹ میں محتاط رجحان برقرار ہے۔

تجارت کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت ایک فیصد سے زائد بڑھ کر 84 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی ایک فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے عالمی آئل مارکیٹ میں نئی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔

آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے اور عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے حوالے سے اس کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ اس راستے سے متعلق کسی بھی غیر یقینی صورتحال سے عالمی سپلائی، نقل و حمل اور تیل کی قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔

موجودہ صورتحال میں عالمی منڈی کے سرمایہ کار اور تیل کے کاروبار سے وابستہ افراد آبنائے ہرمز سے متعلق تازہ پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ معمول کی بحری آمدورفت کے حوالے سے صورتحال اب بھی مکمل طور پر واضح نہیں ہوسکی۔

ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمان کے ساتھ متبادل بحری راستوں کے تعین سے متعلق بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔ تاہم تہران کے مطابق اس عمل کو آگے بڑھانے کے لیے امریکا کو مزید شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین