لاہور: پنجاب حکومت نے ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی اور کارکردگی جانچنے کیلئے باڈی کیمرے لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ’ستھرا پنجاب‘ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں صفائی کے نظام، ورکرز کی ادائیگیوں، ڈیجیٹل چالان اور فیلڈ مانیٹرنگ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی بیشتر تحصیلوں میں ’ستھرا پنجاب‘ ورکرز کو بروقت ادائیگیاں مکمل کی جاچکی ہیں۔ اس کے علاوہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ڈیجیٹل چالان کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 2 ہزار 156 چالان کیے۔ صوبے بھر میں شہریوں کو کوڑا مناسب جگہ پر پھینکنے کی سہولت دینے کیلئے 37 ہزار 852 مقامات پر کوڑے دان بھی رکھے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران مختلف علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال سے متعلق شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ناقص کارکردگی پر قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ناقص کارکردگی کی بنیاد پر عہدوں سے ہٹائے جانے والے مینیجنگ ڈائریکٹرز کو دیگر پوسٹنگ نہیں دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ مینیجنگ ڈائریکٹرز کو وارننگ جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔