گندم درآمد

وفاقی حکومت کا 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ گندم کی درآمد سے متعلق حتمی طریقہ کار کا فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی آئندہ ہفتے گندم کی درآمد کے معاملے پر حتمی فیصلہ کرے گی۔ اجلاس میں یہ طے کیا جائے گا کہ گندم سرکاری شعبے کے ذریعے درآمد کی جائے گی یا نجی شعبے کو امپورٹ کی اجازت دی جائے گی۔

رانا تنویر حسین نے بتایا کہ گندم کی درآمد سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔ حکومت کی جانب سے درآمد کا مقصد ملک میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانا اور طلب و رسد کے درمیان ممکنہ فرق کو پورا کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق صوبوں نے بھی گندم کی اپنی ضروریات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ پنجاب کی جانب سے 8 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت بتائی گئی ہے، جو صوبوں میں سب سے زیادہ مقدار ہے۔

اسی طرح سندھ نے 7 لاکھ ٹن جبکہ خیبر پختونخوا نے 5 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ صوبوں کی جانب سے سامنے آنے والی طلب کے پیش نظر وفاقی حکومت گندم کی دستیابی اور مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

گندم کی درآمد کے فیصلے کے بعد اب اہم سوال یہ ہے کہ بیرون ملک سے آنے والی گندم کی خریداری اور ترسیل کی ذمہ داری سرکاری اداروں کے پاس ہوگی یا نجی شعبے کو یہ اختیار دیا جائے گا۔ اس معاملے پر اقتصادی رابطہ کمیٹی آئندہ ہفتے غور کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین