پاکستان نے ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ مقابلے میں پاکستان نے 112 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث میچ کو محدود کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو 13، 13 اوورز کھیلنے کا موقع ملا۔
بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کے نمایاں بیٹر رہے۔
پاکستان کی جانب سے بولنگ میں سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرافات منہاس نے 2 بنگلادیشی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستانی بولرز نے مختصر فارمیٹ کے میچ میں بنگلادیش کو بڑا مجموعہ بنانے سے روکے رکھا۔
Pakistan’s playing XI for the #AsianGames semi-final 🆚 Bangladesh 🏏🇵🇰
#PAKvBAN | #BackTheBoysInGreen https://t.co/zmQNQkOwCh
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 1, 2026
112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ ہدف کے حصول کے دوران چند وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستانی بیٹرز نے صورتحال پر قابو رکھا اور رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
حسن نواز نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ عبدالصمد 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے اہم مرحلے پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے۔ ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کا فائنل 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان گولڈ میڈل کے لیے میدان میں اترے گا۔