دبئی اسرائیل پرواز

دبئی سے اسرائیل جانیوالی پرواز میں پائلٹ لڑ پڑے، ہنگامی لینڈنگ

دبئی اسرائیل پرواز میں پائلٹس کے مبینہ جھگڑے کے بعد طیارے نے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز نے ہنگامی سگنلز جاری کیے، جس کے بعد اسے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔

فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے پہلے ہنگامی صورتحال کا کوڈ 7700 جاری کیا اور بعد میں مختصر وقت کے لیے کوڈ 7500 بھی فعال ہوا، جو ہائی جیکنگ کی صورتحال سے متعلق ہوتا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق اس کے بعد طیارے کا رخ تبدیل کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ہنگامی صورتحال کے بعد طیارے کو اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔ بعد ازاں طیارہ سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر اترا، جہاں اسے مبینہ طور پر فوجی طیاروں نے گھیرے میں لیا۔

دبئی اسرائیل پرواز میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔ واقعے کے بعد طیارے کی سکیورٹی اور کاک پٹ میں پیش آنے والی صورتحال کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ ہائی جیکنگ نہیں تھا۔ تاہم ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار نے کہا کہ اماراتی ایئرلائن کے طیارے سے متعلق ایک بڑے حادثے کو روکا گیا ہے۔

اسرائیلی عہدیدار کے مطابق طیارے کے معاون پائلٹ سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی جائزے میں ایسے اشارے ملے ہیں کہ معاون پائلٹ نے طیارے کو کنٹرول میں لینے کی کوشش کی تھی اور مبینہ طور پر اسے حادثے کا شکار کرنے کا ارادہ تھا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابتدائی جائزے میں سامنے آیا ہے کہ ہنگامی سگنل کاک پٹ میں دونوں پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔ حکام کی تحقیقات سے واقعے کی مکمل صورتحال، ہنگامی کوڈز کے اجرا اور طیارے کے رخ تبدیل کرنے کی وجوہات واضح ہونے کی توقع ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین