سینٹرل کنٹریکٹس

پی سی بی کا انڈر 19 کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، جس میں نوجوان کرکٹرز کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اہم فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ پی سی بی چیئرمین نے نوجوان کرکٹرز سے انفرادی طور پر بھی ملاقات کی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا۔ اس موقع پر نوجوان کرکٹرز کی محنت اور کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا مقصد انہیں بہتر کارکردگی کے لیے مزید حوصلہ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ اپنی کرکٹ پر زیادہ توجہ دے سکیں گے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران منعقد کیے جانے والے انڈر 19 ترقیاتی کیمپ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ان کیمپس کے مثبت نتائج اب میدان میں بھی نظر آ رہے ہیں۔

فرحان یوسف نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنے کو کھلاڑیوں کے لیے ایک حوصلہ افزا اقدام قرار دیا۔ عالیان سلمان نے بھی کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد بڑھے گا اور وہ اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کر سکیں گے۔

جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت کا موقع بھی فراہم کریں گے۔ رضوان اللہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کرکٹرز کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین