اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے حملوں کو بزدلانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے حملے جہاز رانی اور عالمی تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں اور یہ خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ، فیلڈ مارشل اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، جبکہ بحیرۂ احمر اور آبنائے ہرمز میں سمندری تجارت کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کے لیے بھی قریبی تعاون برقرار رکھا جائے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات کی تعریف کی۔