استنبول میراتھون میں پاکستانی رنرز

استنبول میراتھون: ثاقب خان پاکستانی رنرز میں سرفہرست، 18 ایتھلیٹس نے ریس مکمل کرلی

ترکیے میں منعقدہ 48ویں استنبول میراتھون میں پاکستانی رنرز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں 18 پاکستانی ایتھلیٹس نے 42.195 کلومیٹر کا طویل فاصلہ کامیابی سے مکمل کیا۔ ثاقب خان پاکستانی شرکا میں سب سے آگے رہے، انہوں نے 2 گھنٹے 49 منٹ 33 سیکنڈز میں ریس مکمل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ تین گھنٹے سے کم وقت میں میراتھون مکمل کرنے والے واحد پاکستانی رنر بھی رہے۔

پاکستانی رنرز میں محمد سجاد نے 3 گھنٹے 17 منٹ 29 سیکنڈز کے ساتھ دوسری جبکہ اقبال علی خان نے 3 گھنٹے 23 منٹ 58 سیکنڈز میں ریس مکمل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ثاقب خان نے محمد سجاد کو 27 منٹ 56 سیکنڈز کے واضح فرق سے پیچھے چھوڑا۔

ریس کے اسپلٹ ٹائمز کے مطابق محمد سجاد ابتدائی اور درمیانی مراحل میں ثاقب خان سے آگے رہے۔ ہاف میراتھون پر سجاد کو ایک منٹ 51 سیکنڈز کی برتری حاصل تھی، جو 25 کلومیٹر پر 2 منٹ 4 سیکنڈز اور 30 کلومیٹر پر 6 منٹ 17 سیکنڈز تک پہنچ گئی۔ تاہم آخری مراحل میں ثاقب خان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 35 کلومیٹر پر برتری کا فرق صرف 36 سیکنڈز تک محدود کردیا اور بعد ازاں مقابلے میں آگے نکل گئے۔

دیگر پاکستانی مرد رنرز میں عرفان علی نے 3 گھنٹے 52 منٹ 47 سیکنڈز، کامران یوسف نے 4 گھنٹے 2 منٹ 19 سیکنڈز، محمد اسد صدیقی نے 4 گھنٹے 21 منٹ 2 سیکنڈز، محمد ذیشان علی نے 4 گھنٹے 28 منٹ 40 سیکنڈز اور عدیل منصور خان نے 4 گھنٹے 39 منٹ 2 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔ خواتین میں مہناز نوید 4 گھنٹے 52 منٹ 6 سیکنڈز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ سنائنا نے 5 گھنٹے 59 منٹ 40 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا۔

دیگر فنشرز میں محمد گلریز خان نے 5 گھنٹے 2 منٹ 43 سیکنڈز، محمد اسد خان نے 5 گھنٹے 21 منٹ 36 سیکنڈز، نوفل الٰہی نے 5 گھنٹے 35 منٹ 11 سیکنڈز، قسیم سعید نے 5 گھنٹے 42 منٹ 13 سیکنڈز، محمد اشعر صدیقی نے 5 گھنٹے 46 منٹ 22 سیکنڈز، محمد جہانزیب خان نے 6 گھنٹے 12 منٹ ایک سیکنڈ، فہد منصوری نے 6 گھنٹے 14 منٹ 12 سیکنڈز اور محمد ارسلان ایوب نے 6 گھنٹے 14 منٹ 57 سیکنڈز میں ریس مکمل کی۔

دنیا کی واحد بین البراعظمی میراتھون کہلانے والی استنبول میراتھون میں شرکا نے باسفورس پل عبور کرکے ایشیا سے یورپ تک دوڑ لگائی، جبکہ ریس کا اختتام سلطان احمد اسکوائر پر ہوا۔ مردوں کی ایلیٹ ریس میں کینیا کے فِلیمون کِپٹو کِپچمبا نے 2 گھنٹے 8 منٹ 44 سیکنڈز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کورس ریکارڈ قائم کیا، جبکہ خواتین کی ریس ایتھوپیا کی کاسانیش ایانےو بازے نے 2 گھنٹے 24 منٹ 40 سیکنڈز میں جیتی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین