اسلام آباد ہائیکورٹ شیشہ کیفے

اسلام آباد ہائیکورٹ کا شیشہ کیفیز سے متعلق اہم حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیشہ کیفیز سے متعلق اہم حکم نامہ جاری کرتے ہوئے قانونی طور پر کاروبار کرنے والے شیشہ کیفیز کے خلاف جبری کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کردی، جبکہ کیس میں وفاق سے جواب بھی طلب کرلیا گیا۔

عدالتی حکم کے مطابق قانون کے دائرے میں رہ کر کاروبار کرنے والے شیشہ کیفیز کے خلاف غیر قانونی یا جبری کارروائی نہیں کی جائے گی۔ تاہم قانون یا متعلقہ پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفیز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو شیشہ کیفیز سے متعلق قواعد و ضوابط ایک ماہ کے اندر نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے وفاقی کابینہ کو بھی شیشہ سگریٹ نوشی سے متعلق پابندی کے قوانین کی منظوری کا عمل جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھائیں اور شیشہ کیفیز کیلئے واضح قانونی طریقہ کار تشکیل دینے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ نوجوان نسل کو منشیات اور شیشہ نوشی سے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ شیشہ کیفیز کیلئے مناسب قانونی فریم ورک کا موجود نہ ہونا تشویشناک ہے۔ عدالت نے ایک ماہ میں قوانین کو حتمی شکل دے کر تعمیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو غیر قانونی شیشہ کیفیز کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو منشیات کے خاتمے کیلئے پولیس سے تعاون کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کام کرنے والے ریسٹورینٹس کے خلاف غیر قانونی اقدام نہ کیا جائے، تاہم قانون یا پرمٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیشہ کیفیز سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین