جاپان سیلاب پاکستان

جاپان کا پاکستان کو سیلاب سے تحفظ کیلئے 16.4 ملین ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان

جاپان نے سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کو 16.4 ملین ڈالر کی گرانٹ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع پرانے آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔

پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان اس منصوبے کے معاہدے پر پیر کو ایک تقریب کے دوران دستخط کیے گئے۔ دونوں ممالک نے ایکسچینج آف نوٹس، ریکارڈ آف ڈسکشن اور گرانٹ ایگریمنٹ کا تبادلہ کیا، جس کا مقصد سندھ میں سیلاب سے تحفظ اور متاثرہ علاقوں کی مضبوطی میں اضافہ کرنا ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد ہمایوں کریم کڈوائی نے پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کیے۔ جاپان کے سفیر برائے پاکستان اکاماتسو شوئیچی نے جاپانی حکومت کی جانب سے دستاویزات پر دستخط کیے اور ان کا تبادلہ کیا۔

معاہدے کے تحت جاپان 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً 16.4 ملین ڈالر بنتی ہے۔ یہ رقم لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے پرانے آباد بند کی بہتری اور مضبوطی پر خرچ کی جائے گی۔

جاپان سیلاب سے تحفظ گرانٹ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں حفاظتی نظام بہتر بنانے میں مدد دے گی۔ منصوبے سے موجودہ انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور مستقبل میں سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مقامی آبادی کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری نے جاپان کی حکومت اور عوام کا مسلسل تعاون اور ترقیاتی امداد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں جاپان کے کردار اور جائیکا کی تکنیکی مہارت کو بھی سراہا۔

جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جائیکا کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے بھی منصوبے کو سراہتے ہوئے سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب سے تحفظ کے انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے کیلئے ادارے کے تعاون کا اعادہ کیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین