وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور ہاؤسنگ سیکٹر کیلئے بینک قرضوں میں اضافے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی کیلئے مالی وسائل تک آسان رسائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایکسیس ٹو فنانس پلان 2026-28 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ’اپنا گھر‘ پروگرام، زرعی شعبے اور ایس ایم ایز کیلئے قرضوں کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔
شہباز شریف نے زراعت کو ملکی معیشت کا اہم ستون قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کسانوں کیلئے مالی وسائل تک آسان اور بلاتعطل رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کا بھی کہا۔
وزیراعظم نے کم اور متوسط آمدنی والے افراد کیلئے سستے گھروں کی فراہمی کو حکومتی ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کرنے کی ہدایت کی جنہیں ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت گھر بنانے والوں کیلئے بینک فنانسنگ میں استعمال کیا جاسکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ان میں سے 53,127 درخواستیں منظور کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے۔ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اگست 2026 تک بینکوں نے زرعی شعبے کو 126.8 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے۔ ایکسیس ٹو فنانس پلان کے تحت جون 2028 تک زرعی قرضوں کا ہدف 200 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ ایس ایم ای شعبے کیلئے بھی 200 ارب روپے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ اگست تک 106.7 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں۔
’زرخیز‘ ایپ کے ذریعے آسان قرضوں کیلئے 35,838 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں 7.35 ارب روپے کے قرضے منظور اور 1.96 ارب روپے جاری کیے گئے۔ حکومت رہن کیلئے موزوں پلاٹس کی نشاندہی کا نظام بھی تیار کررہی ہے۔ وزیراعظم شہباز قرضے بڑھانے کی ہدایت کے ساتھ ہاؤسنگ، زراعت اور کاروباری شعبوں کیلئے مالی سہولت بہتر بنانے پر بھی زور دے رہے ہیں۔