پولیو وائرس

سندھ کے 5 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق، ماحولیاتی نمونے مثبت آگئے

کراچی: سندھ میں اگست کے دوران لیے گئے ماحولیاتی نمونوں کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع سے لیے گئے متعدد نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے مطابق اگست میں صوبے کے پانچ اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس کے لیے مثبت پائے گئے۔ ضلع غربی اور کورنگی سے ایک، ایک ماحولیاتی نمونے میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی اور جنوبی سے بھی ایک، ایک ماحولیاتی نمونہ پولیو وائرس سے مثبت نکلا، جبکہ حیدرآباد سے لیے گئے دو ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

ای او سی سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع شرقی، کیماڑی اور ملیر سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا۔ اسی طرح گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد اور قمبر کے نمونے بھی وائرس سے پاک رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ، کشمور، دادو اور بدین سے حاصل کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ جامشورو، سجاول، میرپورخاص اور سانگھڑ کے نمونے بھی منفی رہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے مطابق جن اضلاع میں ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس کے لیے مثبت آئے ہیں، وہاں انسداد پولیو مہم اور دیگر حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ حکام کی جانب سے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نگرانی اور ویکسینیشن سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین