عباس عراقچی

دورہ اسلام آباد مفید رہا، حکام کے ساتھ مثبت مشاورت ہوئی، عباس عراقچی

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مثبت اور تعمیری مشاورت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اہم علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ماسکو پہنچنے پر ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ وہ روس اس مقصد کے لیے آئے ہیں کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ آج ان کی ملاقات روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ہوگی، جس میں جاری جنگ اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کا اہم موقع ہوگی۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ نہایت اہم ثابت ہوا، جہاں حکام کے ساتھ مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی، جن میں ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حالات بھی شامل تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دورہ عمان کے دوران آبنائے ہرمز کے حوالے سے بھی اہم گفتگو ہوئی۔ ایران اور عمان دونوں اس اہم سمندری گزرگاہ کے ساحلی ممالک ہیں، اس لیے اس پر مشاورت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ آمد و رفت اس وقت ایک اہم عالمی مسئلہ بن چکی ہے، اور خطے کے ممالک کو مل کر اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان اعلیٰ سطح پر مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ماہرین کی سطح پر بھی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے